ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلور میں غریبوں کو ایک لاکھ مکانات فراہم کرنے کی اسکیم کاآغاز 15؍ نومبر سے آن لائن درخواستیں ، فی مکان دینے ہوں گے 5.5لاکھ روپئے

بنگلور میں غریبوں کو ایک لاکھ مکانات فراہم کرنے کی اسکیم کاآغاز 15؍ نومبر سے آن لائن درخواستیں ، فی مکان دینے ہوں گے 5.5لاکھ روپئے

Fri, 27 Oct 2017 03:28:05    S.O. News Service

بنگلورو۔26؍اکتوبر(عبدالحلیم منصور/ایس او  نیوز) شہر میں آباد غریب خاندانوں کوکم قیمت پر ایک لاکھ مکانات تعمیر کرکے مہیا کرانے کی پابندی کا اعادہ کرتے ہوئے آج وزیراعلیٰ سدرامیا نے اعلان کیا کہ 15؍ نومبر سے ان مکانات کیلئے امیدواروں سے درخواستیں آن لائن طلب کی جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ شہر میں گزشتہ پانچ سال کے عرصہ سے مقیم ان خاندانوں کو جو خط افلاس سے نیچے زندگی بسر کررہے ہیں اور فی الوقت بے گھر ہیں انہیں اس اسکیم سے سہولت فراہم کی جائے گی۔

راجیوگاندھی ہاؤزنگ کارپوریشن کی طرف سے غریبوں کیلئے چار منزلہ عمارتوں پر مشتمل کامپلکس اس مقصد کیلئے تعمیر کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کو وزیر اعلیٰ کے ایک لاکھ مکانات کی اسکیم کے تحت تعمیر کئے جائیں گے۔آج اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ نے وزیر ہاؤزنگ ایم کرشنپا، وزیر محنت سنتوش لاڈ اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی ۔میٹنگ کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر سدرامیا نے کہاکہ غریبوں کیلئے تعمیر ہونے والے ہر مکان پر 5.5لاکھ روپیوں کا خرچ آئے گا۔ ایک لاکھ مکانات کی تعمیر کیلئے مضافات شہر میں ایک ہزار ایکڑ زمین مہیا کرانے محکمۂ مالگذاری کو ہدایت دی جاچکی ہے۔ جس میں سے 431 ایکڑ زمین کی نشاندہی کرکے محکمہ نے اسے راجیو گاندھی ہاؤزنگ کارپوریشن کو مہیا کرانے پر رضامندی بھی ظاہر کردی ہے۔

انہوں نے کہاکہ شہر میں غیر قانونی قبضے میں جاچکی زمینات پر سرکاری قبضہ بحال ہونے کے بعد ان زمینات کو موثر طور پر استعمال کرنے کا حکومت نے منصوبہ بنایا، اسی منصوبہ کے تحت سرکاری قبضے میں آنے والی زمینات پر یہ مکانات تعمیر کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ایک ہی مقام پر ہزار ایکڑ زمین ملنا مشکل ہے اسی لئے متعدد مقامات پر زمینات کی نشاندہی کرکے ان ایک لاکھ مکانات کی تعمیر کاکام پورا کیا جائے گا۔ مکانات کی تعمیر کیلئے ٹنڈر جلد طلب کیا جائے گا، اور دیڑھ تا دو سال کی مدت میں ان مکانات کو مستحقین میں مہیا کرایا جائے گا۔

80 فیصد مکانات بی بی ایم پی کی حدود میں ہوں گے جبکہ 20؍ فیصد مکانات بی ایم آر ڈی اے کے دائرہ میں رکھے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ جو امیدوار درخواست دیتے ہیں ان کیلئے حکومت نے فیس کی ادائیگی کا تعین کیا ہے۔ درج فہرست طبقات سے درخواست دینے والے امیدواروں کو 50ہزار روپے ادا کرنے ہوں گے، اور دیگر طبقات سے درخواست دینے والوں کو ایک لاکھ روپیوں کی رقم ادا کرنی ہوگی۔ درج فہرست طبقات کو سبسیڈی سمیت تین لاکھ 80؍ ہزار روپیوں کی رقم ملے گی ، باقی طبقات کو 2.7لاکھ روپے کی مالی مدد مہیا کرائی جائے گی۔ مکان کی بقیہ قیمت امیدواروں کو ادا کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ فی الوقت ٹمکور میں 4.8لاکھ روپیوں کی لاگت سے مکانات کی تعمیر کی جارہی ہے لیکن ان مکانات میں بنیادی سہولیات کی کمی ہے اسی لئے ریاستی حکومت نے بنگلور میں بنیادی سہولیات کے ساتھ مکانات مہیا کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جن پر 5.5لاکھ روپیوں کی لاگت آئے گی۔


Share: